کرونا سے دیہاڑی دار طبقہ زیادہ متاثر‘ معیشت کو 1400ارب کا نقصان پہنچا: اعجاز شاہ
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث پاکستانی معیشت کو پچھلے ایک ماہ کے دوران 1400ارب کا نقصان پہنچا ہے، ابھی تک کسی بھی ملک نے کوئی علاج دریافت نہ کیا ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی بھی شخص کو نہیں پتہ کہ کرونا وائرس کیسے اور کیوں لگ رہا ہے، ابھی تک اس کے علاج کے لئے ٹرائل ہی ہو رہا ہے، کرونا وائرس کی ابھی تک کوئی میڈیکل وجہ سامنے نہیں آئی۔ عوام کو چاہیے کہ وہ رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، حکومت پاکستان ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکمے کرونا وائرس سے بچائو کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ننکانہ صاحب کا رہائشی محنت کش محمد منشاء جو کہ ہارٹ اٹیک کے باعث وفات پاگیا تھا، میں اس کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، غریب خا ندان کی مالی معاونت کردی گئی ہے جبکہ مزید مالی معاونت کرنے سمیت محمد منشاء کی بیٹی کو سرکاری نوکری بھی دلوائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ننکانہ صاحب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محمد منشاء کی ویڈیو دیکھی جس میں اس نے اس نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا تھا ہم کرونا وائرس سے تو نہیں مگر بھوک سے ضرور مر جائیں گے اور اس انٹرویو کے دو روز بعد ہی محمد منشاء کا انتقال ہوگیا جس پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد کو ہدایت کی ہے کہ وہ محنت کش محمد منشاء کے اہل خانہ کی مزید مالی معاونت کرنے سمیت مرحوم کی بیٹی کو سرکاری نوکری دلوانے کے لئے اقدامات کرے وباء کے سلسلہ میں غریب اور دیہاڑی دار طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، مجھ سے غریبوں کا درد دیکھا نہیں جاتا، ننکانہ صاحب کے 7سے 8ہزار مستحق لوگوں کے نام رجسٹرڈ کروائے ہیں اور ان افراد کو زکوٰۃ پروگرام کے تحت بذریعہ ایزی پیسہ شفاف طریقہ سے ان کی مالی معاونت کی جارہی ہے جبکہ آئندہ فیز میں مزید مستحق گھرانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خاں کی طرف ٹائیگر فورس تشکیل دی جارہی ہے جس میں ننکانہ صاحب کے تقریبا تین ہزار افراد رجسٹرد ہوچکے ہیں، بہت جلد ٹائیگر فورس عملی طور پر کام کرنا شروع کردے گی الیکشن کے دنوں میں تو سیاستدان اور کونسلرز وغیرہ گلی محلوں میں ووٹ کی خاطر نظر آتے ہیں مگر اس مشکل کی گھڑی میں ان کی کوئی خاص ایکٹیویٹی نظر نہیں آرہی مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات کو زیادہ سے زیادہ غریبوں کی مدد کرنی چاہیے۔