تتلے عالی:موٹرسائیکلوں میں تصادم،ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر3افراد جاںبحق
گوجرانوالہ+تتلے عالی+نوشہرہ ورکاں(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت)موٹرسائیکلوں کے تصادم کے نتیجہ میں ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آکر دو کمسن بہن بھائیوں سمیت تین افراد جاں جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز نواحی گاؤں وچھوکی ضلع حافظ آباد کا 32سالہ ذوالقرنین اپنے بھتیجے13 سالہ فرحان علی اور بھتیجی10 سالہ میرب فاطمہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر تتلے عالی سے نوشہرہ ورکاں جارہے تھے کہ راستہ میں ماڑی بھنڈراں کے قریب سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سے ٹکرائے اور عقب سے آنے والی اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آکر تینوں موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسری موٹرسائیکل پر سوار ناصرہ بی بی اور فیصل عمر شدید زخمی ہوگئے،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے عملہ نے نعشوں اور دونوں زخمیوں کو مقامی ہسپتال پہنچا دیاہے ،تتلے عالی پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضہ میں لے لیا ہے جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔