• news

چیف سیکرٹری نے بیروزگار انڈسٹریل لیبر کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت کر دی

لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگار ہونے والی انڈسٹریل لیبر کی فہرستیں تیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدور طبقے کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور انکی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت صوبے میں کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا‘ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر‘ کمشنر لاہور سیف انجم‘ سی سی پی او ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ گندم اور دالوں کی بلاتعطل ترسیل کیئے لائسنس یافتہ ڈیلرز اور پاسکو کے ٹرکوں کو نہ روکا جائے۔ گندم کی کٹائی اور خریداری مہم کے دوران کسانوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کا 14 دن قرنطینہ مکمل ہونے اور حتمی کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ان کی گھروں کو روانگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن