لاہور 5367 گاڑیاں بند‘ کامونکے‘ گوجرانوالہ‘ ساہیوال‘ سیالکوٹ میں گرفتاریاں
لاہور/ سیالکوٹ‘ ساہیوال‘ گجرات‘ فیصل آباد‘ لالہ موسیٰ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران‘ نمائندگان‘ آن لائن) لاک ڈائون اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں۔ لاہور میں 5367 گاڑیاں بند‘ سیالکوٹ ڈبل سواری، گراں فروشی پر 20، ساہیوال میں 42 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بیسیوں افراد کیخلاف مقدمات رپورٹ ہوئے ہیں۔ فیصل آباد میں مستحق افراد کیلئے راشن کی تقسیم کے موقع پر پیشہ ور بھکاری ٹوٹ پڑے۔ شہر میں بڑی فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز کی جانب سے ادویات کی قیمتیں مرضی سے وصول کرنے کی شکایت بھی سامنے آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں موٹر سائیکلوں پر ڈبل سواری کرنے والے اٹھارہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ موٹرسائیکلیں قبضہ میں لے کر مقدمات درج کر لئے جبکہ مہنگے داموں کیلے اور چینی فروخت کرنے والے دو افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ فیاض اور جاوید کو حراست میں کے لیا گیا۔ ساہیوال کے مختلف تھانوں میں دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر 31مقدمات درج کئے جن میں 42ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گجرات میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر چھ افراد کیخلاف مقدمات تھانہ صدر لالہ موسیٰ میں درج کر لئے گئے۔ لالہ موسیٰ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر چار دکانداروں اور 2ڈبل سواروں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی طرف سے غریب مستحق افراد میں راشن و دیگر اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں تا ہم صورتحال کا فائدہ اٹھانے کیلئے پیشہ ور افراد اور بھکاری بھی میدان میں آگئے ہیں۔ بے روزگار محنت کش اور مزدور پہنچیں یا نہ پہنچیں پیشہ ور بھکاری ضرور پہنچ جاتے ہیں۔ یہ پیشہ ور بھکاری پورے شہر میں دندناتے پھرتے ہیں۔ جبکہ لاک ڈائون کے دوران بڑی فارمیسی اور میڈیکل سٹورز عملہ لوٹ مار میں مصروف ہے۔ میڈیسن کمپنیوں کی جانب سے درج قیمتوں سے زائد اور من مانے ریٹ وصول کرنے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہری حلقوں کے مطابق محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹرز اور ہیلتھ کیئر کمشن کا عملہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جزوی لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر لاہور کے مختلف تھانوں میں مجموعی طو رپر 1846 مقدمات درج کئے گئے ناکوں پر ابتک مجموعی طور پر 1 لاکھ 51 ہزار 206 افراد کو روکا گیا، ایک لاکھ 41 ہزار 202 شہریوں اور گاڑی مالکان کو وارننگ دی گئی۔ چھوٹی بڑی ایک لاکھ 30 ہزار 769 وہیکلز کو چیک کیا گیا۔ 74393 موٹرسائیکلوں 19859 رکشوں 3628 ٹیکسیوں 25870 کاروں اور 7019 بڑی گاڑیوں کو روکا گیا۔ 5367 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو مختلف تھانوں میںبند کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں ڈبل سواری پر بیس موٹرسائیکل سواروں کو پکڑ لیا گیا۔ مقدمات درج کینٹ پولیس نے موٹرسائیکلیں قبضہ میں لے لیں۔ کامونکے میں لاک ڈاؤن پر پابندی کے باوجود موٹرسائیکل ڈبل سواری کرنے پر ساٹھ افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے جبکہ منڈیالہ روڈ کے ملک فرحان نے کپڑوں کی دکان کھول رکھی تھی جسے سٹی پولیس نے گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیا ہے۔