لیبیا: حکومتی فورسزاورحفترفوج میں لڑائی،39اہلکار ہلاک
طرابلس (این این آئی)لیبیا میں عالمی طور پر تسلیم شدہ حکومت (جی این اے)کی فوج نے متحارب گروپ خلیفہ حفتر کی فورسز کو دو اہم شہروں سے بے دخل کرنے کا دعوی کردیا۔ادھر جی این اے کی فضائیہ نے ابوغرین میں خلیفہ حفتر کی فورسز کے ایک جہاز کی مداخلت کو ناکام بنا دیا اور چینی ساختہ دو ایئر کرافٹ اور ایک روسی ساختہ ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ۔اس لڑائی میں جی این اے کے 9 فوجی بھی مارے گئے اور خلیفہ حفتر کے 30 جنگجو ہلاک ہوئے۔ لیبیا کی حکومتی فورسز نے ترکی سے ملنے والے ڈرونز کا استعمال کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکومت کا کہنا تھا کہ خلیفہ حفتر کی افواج کو دارالحکومت طرابلس اور تیونس کی سرحد کے درمیان واقع دو اہم اسٹریٹجک ساحلی شہروں سے بے دخل کردیا گیا۔جی این اے کے ترجمان محمد غنونو نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری فورسز نے صرمان اور صبراتا کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور پیش قدمی جاری ہے۔ حکومتی فورسز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تصاویر جاری کیں جن کے حوالے سے انہوں نے دعوی کیا کہ یہ خلیفہ حفتر کی فوج سے قبضے میں لیا گیا اسلحہ ہے۔حکومتی فورسز کے مطابق انہوں نے حفتر کی فوج سے راکٹ لانچرز، 10 ٹینک اور فوجی گاڑیاں قبضے میں لی ہیں۔جی این اے کے کمانڈر محمد الغامودی کا کہنا تھا کہ صرمان اور صبراتا کو 6 گھنٹے کی لڑائی کے بعد واپس لیا گیا جس کے لیے فضائی مدد بھی حاصل تھی۔