حکومت کی قومی بجٹ منظور کرانے کیلئے اپوزیشن کو ورچوئل سیشن بلانے کی تجویز
اسلام آباد (محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی سے 2020-21کا قومی بجٹ منظور کرانے کے لئے اپوزیشن کو ورچوئل سیشن (virtual session ( بلانے کی تجویز پیش کر دی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس تجویز کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے اور تجویز پیش کی قومی اسمبلی کے سیشن میں ہر روز کم از کم ارکان کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان تعدا دمقرر کر دی جائے اگلے روز نئے ارکان کو سیشن میں شرکت کا موقع دیا جائے ایوان میں تمام ارکان کی نشستوں کی از سر نو الاٹمنٹ کی جائے اور ان کی نشستوں کے درمیان فاصلہ مقرر کیا جائے جب حکومت قومی اسمبلی کا ورچوئل سیشن بلانے کی خواہش مند ہے اس سلسلے میں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کرانا چاہتی ہے اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترمیم اور ورچئول سیشن (virtual session ) کے انعقاد کے لیے وفاقی وزیر سید فخر امام کی سربراہی میں 9 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی 9 اراکین قومی اسمبلی پر مشتمل ہو گی قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔کمیٹی حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے ارکان قومی اسمبلی پر مشتمل ہے۔کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر ظہیر الدین بابر، علی محمد خان، ملک عامر ڈوگر ، اور سید امین الحق کریں گے جب کہ حزب اختلاف کی نمائندگی سردار ایاز صادق،شاہدہ اختر علی اور سید نوید قمر کریں گے۔کمیٹی کورونا وائرس کی موجودگی کے دوران قومی اسمبلی کے ورچئل اجلاس منعقد کروانے کے لیے اسمبلی قواعد و ضوابط میں ترمیم تجویز کرے گی کمیٹی جلد اپنی رپورٹ سپیکر قومی اسمبلی پیش کرے گی۔ اسی طرح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی سینیٹ اجلاس بلانے کیلئے مجلس قائمہ برائے قواعد وضوابط کو موجودہ قوانین کا تفصیلی جائزہ لینے اورسفارشات تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے بدھ کوچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ ہائوس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوا جس میں کوسینیٹرمشاہد اللہ خان نے کہا کہ مختلف ممالک کی مثالیں موجود ہیں کہ بمباری کے دوران بھی پارلیمنٹ کے اجلاس منعقد ہوتے رہے ہیں ایران کے پارلیمنٹ ہائوس میں دھماکے میں 200سے زائد پارلیمنٹیرین جاقں بحق ہو گئے لیکن اگلے روز اسی مقام پر پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا چیئرمین سینیٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سینیٹ کے اجلاس سے متعلق فیصلہ کریں گے