ٹرمپ پریس کانفرنس میں خاتون صحافی کے سوال پر بھڑک اٹھے‘ جعلی قرار دیدیا
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں سی بی ایس چینل کی رپورٹر پولا ریڈپر اس وقت بری طرح برس پڑے جب خاتون نے سوال کیا کہ 17 جنوری کو جب ملک میں کرونا کا کوئی کیس نہیں اور نہ اس سے کوئی ہلاکت تھی تو آپ نے دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو کیوں بند کر دیا تھا۔ کیا ایسا کرنا چاہئے تھا۔ جواب میں امریکی صدر نے امریکہ کی چین کے ساتھ سرحد بند کرنے کے حوالے سے اپنے فیصلے کی وضاحت کی اور کہا کہ اس وقت ڈیموکریٹس خصوصاً جوبائیڈن نے ملک میں غذائی قلت کا بھی الزام لگایا تھا۔ صحافی جواب سے مطمئن نہ ہوئی اور اپنی بات پر مسلسل اصرار کرتی رہی تو ٹرمپ غصے میں آگ بگولہ ہو گئے اور انتہائی بلند آواز میں بولنے لگے اور اسے انتہائی برا بھلا کہا۔ ٹرمپ نے کہا کہ تم اور تمہارا پورا نیٹ ورک جعلی ہے۔ خاتون صحافی نے دوبارہ سوال کا جواب مانگا مگر ٹرمپ مسلسل اس کے سوالات کو نظرانداز کرتے رہے اور بدستور سرحدیں بند کرنے کے اپنے فیصلے کی حمایت کرتے رہے۔ یاد رہے کہ ٹرمپ عام طور پر خواتین صحافیوں سے اسی طرح توہین آمیز لہجے میں بات کرتے ہیں۔