کراچی: راشن تقسیم کے دوران پولیس کی مبینہ فائرنگ، خاتون جاں بحق، 4اہلکار گرفتار
کراچی(صباح نیوز)کراچی کی نشتر بستی پرانی سبزی منڈی کے قریب راشن کی تقسیم کے دوران دو فلاحی اداروں کے رضاکاروں میں جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔کراچی کے علاقے پی آئی بی میں نشتر بستی پرانی سبزی منڈی کے قریب راشن کی تقسیم کے دوران دو فلاحی اداروں کے رضاکاروں میں جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ علاقہ مکینوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ راشن تقسیم کے دوران مجمع جمع ہونے پر لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے گھر کی بالکونی میں کھڑی خاتون صبا کو گولی لگی، زخمی خاتون کو نجی ہسپتا ل منتقل کیا گیا تاہم خاتون دم توڑ گئی۔ واقعہ کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے پولیس پر پتھرا ئوکیاگیا جس سے پولیس موبائل کا شیشہ ٹوٹ گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کے وقت عظیم سمیت چار اہلکار گشت پر معمور تھے، ہیڈ کانسٹیبل عظیم سمیت چاروں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ، واقعہ کے حوالے سے اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور علاقہ ایس پی تمام اہلکاروں سے انکوائری کر رہے ہیں ۔