بدعنوان عناصر کیخلاف شواہد کی بنیاد پر اقدامات کرتے ہیں: چیئرمین نیب
لاہور(نیٹ نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب بدعنوان عناصر کیخلاف صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر اور ٹھوس شواہد کے حصول کے بعد ہی اقدامات اٹھانے پریقین رکھتا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹرجنرل نیب لاہور کی سربراہی میں انہیں میگا کرپشن کیسز بالخصوص منی لانڈرنگ کے مقدمات و دیگر ہائی پروفائل کیسز پر کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کی جانب سے تحقیقات کے دوران ہونے والی پیش رفت پر جامع بریفنگ دی گئی۔ چیئر مین نیب نے بریفنگ میں شامل کیسز میں ہونے والی پیشرفت کو توجہ سے سنا اور انویسٹی گیشن ٹیموں کی راہنمائی میں ہدایات جاری کیں۔