پنجاب اسمبلی:پیٹرول 39روپے لٹر فروخت کرنے پولیس ناکے ہٹانے کے مطالبے سمیت 3قرار دادیں جمع
لاہور( خصوصی نامہ نگار )پنجاب اسمبلی میںمسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے پیٹرول 39روپے لٹر فروخت کرنے ، کرونا کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبوں کو آپس میںہم آہنگی پیدا کرنے،کرونا وائرس سے لڑنے والے طبعی عملے کو حفاظتی سامان مہیا کرنے اور صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک سڑکوں پر لگائے گئے پولیس ناکے ہٹانے کے مطالبے کی قرار دادیں جمع کرائیں۔تفصیلات کے مطابق قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی ہوئی ہے اور تین ماہ میں 65ڈالر فی بیرل سے.5 19ڈالر فی بیرل تک آگئیں۔ادھرن لیگ کے رکن ملک ظہیر اقبال نے قرار داد میں کہاکہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان پاکستان میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤپر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اس لئے کرونا کے خاتمے کیلئے وفاق و صوبوں میں ہم آہنگی پیدا کریں۔علاوہ ازیں قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے جس کے متن میں کہاگیا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں کرونا وائرس کنٹرول ہونے کی بجائے پھیل رہا ہے۔کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف فرنٹ لائن پر لڑ نے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو بدقسمتی سے حکومت کی جانب سے ابھی تک طبعی عملے کو حفاظتی کٹس فراہم نہیں کی گئیں،دریں اثناء مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی راحت افزا کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس کے متن میں کہاگیا ہے کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے، ٹریفک کا رش بڑھ گیا ہے اور حکومت کی جانب سے سڑکوں پر لگائے گئے پولیس ناکوں کی وجہ سے ٹریفک جام ایک مسئلہ بن گیاہے۔ناکوں پر ٹریفک جام کے باعث رش لگنے سے کرونا وائرس پھیلنے کا ندیشہ ہے۔لہٰذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر سڑکوں پر لگائے گئے ناکے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہٹا لے تاکہ ناکوں پر ٹریفک کا رش نہ ہوسکے۔