گوجرانوالہ: کیسز 124 ہو گئے: سرگودھا ،غیر ملکی خاتون سمیت 2 نئے مریض
گوجرانوالہ/ سرگودھا‘سیالکوٹ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ (نمائندگان+ نامہ نگاران) سرگودھا میں مقیم تبلیغی جماعت کی غیر ملکی خاتون میں کرونا وائرس کی تصدیق‘ سلانوالی نواحی میں ایک اور مریض سامنے آگیا جبکہ رزلٹ منفی آنے پر تبلیغی جماعت کے 25ارکان کو قرنطینہ سے گھر بھیج دیا گیا۔ ضلع میں آئسولیٹ 56 میں سے 44 کے کرونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔ سیالکوٹ میں وائرس سے متاثرہ 12ٹیسٹ سب انسپکٹر شہباز اور بلاول مصطفیٰ چیمہ کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 16افراد میں سے 12کی رپورٹ منفی آگئی۔ سوہدرہ میں ایک گھر کو سیل کر دیا گیا‘ ساہیوال میں 2 تبلیغی ارکان کے فرار پر آمنہ ہاسٹل کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ عارفوالا میں ایک کیس سامنے آیا‘ وزیرآباد کے معروف عالم دین کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر نصرت ریاض نے کہا ہے کہ ڈویژن میں4151 مشتبہ کرونا مریضوں میں سے 511 پازیٹو جبکہ2846 نیگٹو ہیں اور اس وقت 794 مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹس آنا باقی ہیں انہوں نے بتایاکہ پازیٹو مریضوں کی شرح فیصد15جبکہ نیگٹو مریضوں کی 85 فیصد ہے اور19فیصد کی رپورٹس ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ نے بتایا کہ گوجرانوالہ ضلع میں کرونا کے پازیٹو مریض124‘ گجرات میں161‘ حافظ آباد میں46‘ منڈی بہائوالدین میں61‘ نارووال میں27 اور سیالکوٹ میں92 مریض پازیٹو ہیں۔ ڈویژن میں84 مریض مکمل صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ ڈویژن میں اس وقت کرونا کے 425 ایکٹو مریض ہیں۔ ڈویژن میں اب تک 2کرونا مریضوںکی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔