• news

لاہور: 90 ہزار سے زائد گاڑیوں کیخلاف کارروائی‘ مقدمے‘ گرفتاریاں جاری

لاہور، گکھڑ منڈی‘ نارنگ منڈی‘ کامونکے (نامہ نگار+ علاقائی نمائندوں سے) لاک ڈاؤن میں توسیع کے دوسرے روز بھی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری رہیں۔ لاہور میں 5553 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔ متعدد ڈبل سواروں اور دکانیں کھولنے والوں کیخلاف مقدمات‘ درجنوں گرفتار‘ کئی کو جرمانے عائد کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گکھڑی منڈی جی ٹی روڈ پر چناب گیٹ کے قریب لگائے گئے پولیس ناکہ پر 4 موٹر سائیکل سواروں کو ڈبل سواری کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ کامونکے میں لاک ڈاؤن اور دفعہ 144 کے دوران موٹر سائیکلوں پر ڈبل سواری کرنے والے 38 افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ نارنگ منڈی میں مقامی ٹاؤن کمیٹی کے چیف آفیسر شیخ خلیل احمد نے ریل بازار صدر بازار اور ریلوے شاپنگ پلازہ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر دکانداروں کو موقع پر جرمانے کئے اور وارننگ دی۔ دوبارہ دکان کھولنے پر مقدمات کا اندراج ہوگا۔ گجرات میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر 30 گرفتار ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر(سٹی) عثمان سکندر نے گراں فروشوں اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران شہرکے مختلف علاقوں میں چھاپے مار ے، امتیاز سپر سٹور کو مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے پر 1لاکھ روپے جرمانہ کر کے، منیجر سٹور کو موقع پر گرفتار کروا دیا۔کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظرلاہور پولیس نے شہر بھر میں ناکوں پر ایک لاکھ 57 ہزار 810 شہریوں کی چیکنگ کی، ایک لاکھ 47 ہزار661 شہریوں کو وارننگ دیکر گھر بھیجا گیا۔ 1892ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد وہیکلز کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 5553گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کو بند کیا گیا۔دوسری طرف ٹریفک پولیس لاہور نے دوران لاک ڈاؤن کارروائیوں کے اعدادو شمار جاری کردیے۔ مجموعی طور پر لاک ڈاون کی خلاف ورزیوں پر 90ہزار 660 وہیکلز کیخلاف کارروائی کی گئی35347 رکشوں اور 91 بسوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔ ایک کار میں دو سے زائد سفرکرنے پر چھ ہزار سے زائد کاروں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے کہا پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف 27 مقدمات درج کروائے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن