حمزہ شہباز 10 ماہ سے قید، گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس ماہ سے حمزہ شہباز کی گرفتاری سیاسی انتقام اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے۔ 10 ماہ ہوگئے لیکن نیب نیازی گٹھ جوڑ کوئی ریفرنس دائر کرسکا نہ عدالتوں میں کوئی الزام ثابت کرسکا۔ دس ماہ گزر گئے لیکن کوئی منی لانڈرنگ یا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی نہیں لگایا جا سکا، حمزہ شہباز ناحق قید میں ہیں۔ اس گٹھ جوڑ کا نشانہ بننے والوں کی ناحق قید کا ازالہ کون کرے گا؟ حمزہ شہباز کا اصل قصور نواز شریف کا بھتیجا اور شہبازشریف کا بیٹا ہونا ہے۔ جہانگیر ترین اور وزراء کی نیب انکوائری بند پڑی ہیں، کسی میں ان مقدمات کو کھولنے کی ہمت نہیں ہے۔ مافیا عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالے تو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومت میں موجود آٹا، چینی گیس چوری کرنے والوں کی فائلیں اور نیب کی آنکھیں بند ہی رہیں گی۔