وفاق سندھ لڑائی میں مصروف‘ عوامی صحت بھی ذریعہ سیاست بنا لی: سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو سینٹ کی ایڈوائزری کمیٹی میں ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو اور تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کی حالت زار پر سینٹ کمیٹی کا اجلاس ہونا چاہیے کیونکہ ہزاروں پاکستانی بیرون ملک محصور ہیں، ان کو سعودی عرب، امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک سے واپس لانے اور جو اوورسیز پاکستانی وفات پا گئے ہیں ، ان کی میتوں کو واپس لانے کے انتظامات حکومت فوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کیخلاف وفاق اور صوبوں نے ایک پلان نہیں بنایا۔ ڈیلی ویجز پر کام کرنیوالوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا نہیں کیا جا سکا۔ اسی طرح بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں درج غریب لوگ بھی حکومت کے احساس پروگرام سے مستفید نہیں ہوسکے اسکے علاوہ بھی لاکھوں غریب لوگ ہیں جو امداد سے ابھی تک محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے کسی مجبوری کی وجہ سے پاسپورٹ بنایا ہے، ان کو بھی احساس پروگرام سے نکال دیا گیاہے۔ کرونا ٹیسٹ کا نظام بھی نہ ہونا ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مساجد ، مدارس کے لاکھوں اساتذہ اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور اساتذہ تنخواہوں سے محروم ہوگئے۔ حکومت نے ان طبقات کیلئے کوئی مالی پیکیج نہیں دیا۔ دریں اثنا علامہ زبیر احمد ظہیر نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔ منصورہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے سندھ کراچی‘ حیدرآباد کے امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی 73 سالہ تاریخ ملک و قوم کی خدمت سے عبارت ہے۔ وفاق اور سندھ اس وقت لڑائی میں مصروف ہیں۔ عوامی صحت کو بھی سیاست کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ مصیبت کے وقت جنگل کے جانور بھی اکٹھے ہو جاتے ہیں مگر ہمارے حکمرانوں کے دل اتنے سخت ہوگئے ہیں کہ جان لیوا وبا میں بھی باہم دست و گریبان ہیں ۔ جماعت اسلامی گلوبل تھنک ٹینک کا قیام عمل میں لارہی ہے جس کے ذریعے عالمی سطح پر معروف ڈاکٹرز ، معالجین اور صحت کے شعبہ سے وابستہ نامور ماہرین کی آن لائن خدمات حاصل کی جائیں گی اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا ۔ ملک میں کرونا کی وبا پھیلے ڈیڑھ ماہ گزر گیا، مگر ہماری حکومت ابھی تک ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس اور بچائو کے لیے ضروری سامان مہیا نہیں کر سکی۔ اجلاس میں نیشنل فوکل پرسن اظہر اقبال حسن ، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، سیکرٹری جنرل صوبہ سندھ کاشف سعید ، کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کی خدمت اور رجوع الی اللہ کی تحریک جاری ہے اور جاری رہے گی۔ سراج الحق نے کراچی میں پیش آنے والے دہشتگرد ی کے واقعہ کی شدید مذمت کی جس میں جماعت اسلامی کے تین کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں ایک شہید اور دو شدید زخمی ہوئے۔ انہوںنے سندھ حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔ سراج الحق نے الخدمت فائونڈیشن جے آئی یوتھ اسلامی جمعیت جمعیت طلبہ عربیہ سمیت تمام تنظیمات کے کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے کارکردگی کو سراہا۔