• news

پی ایم ڈی سی کے پاس اپنا فنڈ ہے تو تنخواہیں ادا کرے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ایم ڈی سی توہین عدالت کیس میں وزارت صحت کے جوائنٹ سیکریٹری اور سیکشن افسر کو طلب کرلیا۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیئے کہ پی ایم ڈی سی کے پاس اپنا فنڈ ہے تو تنخواہیں ادا کی جائیں۔ جمعرات کو جسٹس محسن اختر کیانی نے رجسٹرارپی ایم ڈی سی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست زیر التوا ہے۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرلیتے ہیں۔ عدالت نے توہین عدالت کیس میں عدالت نے وزارت صحت کے جوائنٹ سیکرٹری سعید اللہ نیازی اور سیکشن افسر علی رضا کوآئندہ سماعت پرطلب کرلیا۔دوران سماعت جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسار کیا کہ پی ایم ڈی سی کے مکمل اثاثے مل گئے ہیں؟۔ رجسٹرار حفیظ الدین نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی کی 5 گاڑیاں غائب ہیں۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کے چیئرمین کو گاڑیوں سے متعلق خط لکھا گیا لیکن جواب نہیں آیا۔ جسٹس محسن اخترکیانی کا کہنا تھاکہ آپ پی ایم ڈی سی کے ذمہ دار ہیں،چوری کا پرچہ کرا دیں۔ عدالت نے سماعت 21 اپریل تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن