اتنے لوگ کرونا نہیں بھوک سے مر جائیں گے: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے نجی سکولز کے دفاتر کھولنے کی اجازت نہ دینے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ اتنے کرونا سے لوگ نہیں مریں گے جتنے بھوک سے مرجائیں گے۔ بھوکے شخص کی آہ عرش تک جاتی ہیں۔ خوف خدا نہیں ہے کہ غریب 2ماہ سے بغیر تنخواہ کے گزارہ کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے پرائیوٹ سکولز اونرز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے لاک ڈاؤن کے دوران پرائیوٹ سکولز کے دفاتر عارضی طور پر کھلوانے کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو 20 اپریل تک نجی سکولوں کے دفاتر عارضی طور پر کھولنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔