• news

12 ہزار کیلئے خواتین کا مجمع لگانا غربت کا مذاق اڑانا ہے: سراج الحق

لاہور( خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزراء اور مشیروں کی فوج ٹویٹر پر قابلیت کے گھوڑے دوڑا رہی ہے۔ حکومت نے جو ایس او پیز طے کئے تھے اب خود ہی ان کی خلاف ورزی کررہی ہے۔12ہزار کیلئے خواتین کو گھروں سے نکال کر مجمع لگانا ان کی غربت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹرز ہمارے اصل ٹائیگرز ہیں جو بیماری کیخلاف لڑرہے ہیں۔ڈاکٹروں کے مطالبات جائز اور درست ،پولیس گردی کی مذمت کرتے ہیں۔حکومت اداروں کو لڑانے کی بجائے ڈاکٹروں کو کٹس فراہم کرے۔وزیروںمشیروں پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں مگر کرونا کیخلاف لڑنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی لباس تک مہیا نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے ملک بھر میں ایک سو سے زائد ڈاکٹر ز خود کرونا کا شکار ہوگئے ہیں ،یہ المیہ ہے کہ حکومت ابھی تک اس وبا کیخلاف سنجیدگی سے کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ دیہاڑی داروں کا حکومت کے پاس کوئی ڈیٹا نہیں ،ان کی مدد کیسے کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے خطاب میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ علماء کرام اور منبر و محراب نے عوام کو کرونا وباء سے بچانے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔علماء نے حکومت کی طرف سے اعلان کردہ احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے کیلئے منبر و محراب کا استعمال کیا۔ علماء کرام نے نہایت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عامتہ الناس کو دینی نقطہ نظر سے حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔

ای پیپر-دی نیشن