• news

پہلی بار اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)حکومت نے اسلام آباد میں چار ہزار سے زائد ہسپتالوں کلینکس اور میڈیکل سٹورز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد میں ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں آیا ہے۔ دارالحکومت میں صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اتھارٹی کا قیام وقت کا تقاضا تھا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق حکومت اسلام آباد کو صحت کے حوالے سے مثالی شہر بنا رہی ہے۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نجی ہسپتال، کلینکس اور لیبارٹریز کو ریگولیٹ کرے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کے شعبہ کو اصلاحات کیلئے اولین ترجیح حاصل ہے۔ حکومت پرائمری ہیلتھ کئیر سسٹم کو مضبوط بنارہی ہے۔اسلام آباد ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید علی حسین نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد ملک کا دسواں بڑا ضلع اور 23 لاکھ کی آبادی کا شہر ہے جہاں تقریباً 3100 پرائیویٹ کلینک اور 1100 میڈیکل سٹور کام کر رہے ہیں۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے قانون کے 2018 میں نفاذ کے باوجود اسلام آباد کے شہریوں کی محکمہ صحت سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے اتھارٹی موجود نہ تھی۔

ای پیپر-دی نیشن