رحمن ملک آج سپریم کورٹ کو انسداد کرونا پر ملکی اور عالمی پیشرفت سے آگاہ کرینگے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمنٰ ملک آج سپریم کورٹ آف پاکستان کو کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے ہونیوالی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دینگے۔ سپریم کورٹ نے ایک خط کے ذریعے رحمنٰ ملک کو ہدایت کی تھی کہ وہ خود عدالت عظمیٰ پیش ہو کر اس حوالے سے صورتحال واضح کریں۔ چیئرمین سینٹ کمیٹی سپریم کورٹ کو کرونا کے حوالے سے 27 فروری سے لے کر اب تک کمیٹی کے اقدامات اور اجلاسوں کی تفصیل بھی پیش کرینگے۔ رحمنٰ ملک نے ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں میں تصدیق ہونے کے پہلے دو کیسز کے بعد ازخود نوٹس لیتے ہوئے حکومت کو روک تھام کیلئے ایک جامع قومی ایکشن پلان پیش کیا تھا اور بروقت حفاظتی تدابیر تجویز کی تھیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ چاروں وزراء اعلیٰ‘ چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام کا اجلاس طلب کریں تاکہ ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی نے کرونا کی روک تھام کیلئے ایک 32 نکاتی قومی ایکشن پلان بھی تجویز کیا تھا۔ جس میں آئسولیشن مراکز کے قیام اور طبی عملہ کی تربیت پر خصوصی طور پر زور دیا گیا تھا۔ اسکے علاوہ وائرس سے متعلق درست تخمینہ لگانے‘ ایک مربوط پروگرام پر عملدرآمد کرنے اور خصوصی فنڈز مختص کرنے کیلئے بھی کہا گیا تھا۔ بیرون ملک سے آنیوالے تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھنے اور تمام انٹری پوائنٹس پر باقاعدہ سکریننگ انتظامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تھا۔ آخر میں انسدادی سرگرمیوں کیلئے 20 ارب روپیہ مختص کرنیکی بھی تجویز دی گئی تھی۔