کرونا کیخلاف پاکستان کیساتھ تعاون بڑھائینگے، امریکی سفیر کا شہبازشریف کو خط
لاہور (وقائع نگار خصوصی) امریکہ نے کرونا وائرس کے خلاف پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ امریکی سفیر نے لکھا تھا کہ امریکہ کرونا سے پیدا شدہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکی سفیر کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے نام خط میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ہم مل کر مشترکہ کوششوں سے کرونا جیسی وبا کا پھیلائو روک سکتے ہیں۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گا۔ امریکی سفیر نے یقین دلایا امریکہ پاکستان کو کرونا ٹیسٹ کے لیے تین نئی موبائل لیبز فراہم کرے گا۔ اسلام آباد میں ہائی ٹیک ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے قیام کے لیے امریکہ فنڈ فراہم کرے گا۔ سندھ‘ پنجاب اور خیبر پی کے و بلوچستان میں بھی ایسے سنٹرز کے قیام میں مدد کی جائے گی۔ امریکہ کمیونٹی ہیلتھ کیئر کے لیے ٹریننگ اور معاونت کرے گا۔ دریں اثنا شہباز شریف نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور پال ڈبلیو جونز کو جوابی خط بھی لکھا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا وائرس کے خلاف اجتماعی جنگ میں پاکستان کی مدد اور تعاون پر امریکہ کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات اور روابط کہیں گہرے اور مضبوط ہیں۔ اجتماعی طورپر کرونا کے عفریت کے خلاف جدوجہد نہ کی گئی تو نتائج بھگتنا ہونگے۔ صورتحال کا تقاضا ہے کہ امریکہ وائرس کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرے۔ شہباز شریف کا اپنے خط میں مزید کہنا تھا کرونا وائرس سے امریکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔ امید ہے کہ امریکی عوام جلد موجودہ صورتحال پر قابو پالیں گے۔ پاکستان امریکہ تعلقات پر آپ کی بریفنگ کے لیے شکرگزار ہوں۔ شہبازشریف نے ایک بیان میں بیرون ملک پاکستانیوں کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کرونا وبا سے وفات پر بے حد دکھ ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عزم وہمت اور وفا کی قابل فخر مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہر آباد پاکستانیوں کی اموات ملک کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔