• news

دوسرا مرحلہ: دبئی سے 255 پاکستانیوں کی آمد، آج 4 فلائٹس آئیں گی

راولپنڈی‘ واشنگٹن (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے پروازوں کی بندش کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے کچھ خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دے رکھی ہے جس کے دوسرے مرحلے کا آغاز اتوار سے ہو گیا۔ دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 783 کراچی سے ٹورنٹو چلی گئی جو لاک ڈاؤن کے دوران کراچی سے ٹورنٹو کیلئے پہلی پرواز ہے۔ ذرائع کے مطابق کینیڈا میں مستقل قیام، ملازمت اور تعلیمی ویزا رکھنے والے اس فلائٹ سے روانہ ہوئے جبکہ چند غیر ملکی شہریوں کی بھی اس پرواز میں بکنگ تھی۔ دفترخارجہ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے مختلف ممالک میں 43 ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔ واپسی کے منتظر ان پاکستانیوں میں ترکی، بنگلا دیش اور کرغزستان سمیت کئی ممالک میں پھنسے زیر تعلیم طلبہ بھی شامل ہیں۔ ملک میں غیر ملکی پروازوں پر پابندی کے باوجود پاکستان کچھ ایئر لائنز کو بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کی اجازت دے گا۔ امریکا میں موجود پاکستانی صحافیوں سے الیکٹرونک نیوز کانفرنس میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران جو پاکستانی ہلاک ہوئے ان کی پاکستان میں تدفین کے لیے حکومت سہولت فراہم کرے گی۔ سول ایوی ایشن نے 18 سے 30 اپریل تک مسافروں کیلئے نئی ہیلتھ پالیسی کا اعلان کر دیا۔ کرونا وائرس سے بچاؤں کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہیلتھ فارم جاری کیا ہے۔ جس میں جہاز سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے ہیلتھ فارم دینا اور تمام ایس او پیز پر عمل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ متعلقہ صحت افسر کی ہدایت پر قرنطینہ ہونے کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔ مسافر قرنطینہ کی مدت میں توسیع کا پابند ہے۔ مسافر قرنطینہ کے دوران حکام کے مطابق ضرورت پر خوراک کی قیمت ادا کرنے کا پابند ہے۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے دبئی سے 255 پاکستانی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا دیئے گئے جہاں محکمہ صحت کی ٹیموں نے نے والے پاکستانیوں کی کرونا وائرس کے حوالے سے سکریننگ کی۔ دبئی سے پاکستانیوں کے انخلاء کے دوسرے مرحلے کیلئے آج 20 اپریل کو 4 فلائٹس پاکستان آئیں گی۔ پاکستانی قونصل خانہ کے مطابق دبئی میں پھنسے پاکستانی لاہور اور کراچی جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں ایک ہزا رسے زائد پاکستانیوں کا انخلاء ممکن ہوسکے گا۔ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا سعودیہ میں پھنسے عمرہ زائرین کی واپسی مکمل ہوگئی۔ عمرہ زائرین کی وطن واپسی میں کمیٹی نے بہترین کام کیا۔ پاکستانی قونصلیٹ اور سعودی حکام کا تعاون قابل ستائش ہے۔ ملتان ایئرپورٹ پر 226 عمرہ زائرین بخیریت پہنچ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن