• news

ٹائیگرز کو امدادی کاموں میں شامل نہیں کرینگے: سندھ حکومت،غیر سیاسی پاکستانی فورس ہے: عثمان ڈار

کراچی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سندھ حکومت نے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کے خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سندہ ریلیف آپریشن کو غیر سیاسی رکھا گیا ہے۔ مستحقین تک راشن کی ترسیل شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں، ٹائیگر فورس سیاسی ورکروں پر مشتمل ہے۔ تمام کمیٹیاں، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز آپریشن کا حصہ ہیں۔ صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی فورس یا ورکرز کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کسی بھی پارٹی کی سیاسی فورس ہو، اسے شامل نہیں کریں گے۔ ٹائیگر فورس میں سیاسی ورکرز ہیں۔ جماعت اسلامی، (ن) لیگ والے بھی کہیں گے ہمارے ورکرز کو شامل کیا جائے۔ امتیاز شیخ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس اتنے ورکرز ہیں، کسی پارٹی کے ورکرز کی ضرورت نہیں، یہ وہی ڈپٹی کمشنر ہیں جن کو وزیراعظم استعمال کر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ نے کرونا ریلیف سرگرمیوں میں ٹائیگر فورس کو شامل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جبکہ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو ٹائیگر فورس کو ریلیف سرگرمیوں میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے ٹائیگرز فورس کسی سیاسی جماعت کی نہیں، پاکستان کی فورس ہے۔ سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرے گی۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فورس کیساتھ مل کر کام کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ کوشش ہے کہ صنعتوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے مشروط کرکے کھول دیا جائے۔ سندھ میں ٹائیگر فورس کیساتھ تعاون کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ملک بھر سے 10 لاکھ سے زائد نوجوان ٹائیگر فورس کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن فیکٹری مالکان کے پاس ایکسپورٹ کے آرڈر ہیں وہ فیکٹری کھولنے کیلئے اپلائی کر سکتا ہے۔ جو پنجاب حکومت کے ایس او پیز پر پورا اترتا ہے، وہ فیکٹری کھولنے کیلئے اجازت لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام میں یہ نہیں دیکھا گیا کہ مستحق کا تعلق کس جماعت سے ہے۔ خواجہ آصف کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ سیالکوٹ کی ٹائیگر فورس کو لیڈ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن