صدر سے وزیر اعظم، دی جی آئی ایس آئی کی ملاقات ، بھارتی اشتعال انگیزی، کرونا، معاشی، سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اور ڈی جی آئی ایس آئی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملاقات کی ہے، معتبر ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں کرونا وائرس کی پھیلتی ہوئی وباء اور اس کے اثرات، ملک کی معاشی صورتحال اور سکیورٹی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سرحدوں کی صورتحال خصوصاً لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں اور انکے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور وائرس کو کنٹرول کرنے اور کمزوریوں پر قابو پانے وفاق اور صوبوں میں رابطوں اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں صدر مملکت کی طرف سے رمضان المبارک میں تراویح، اعتکاف اور دوسری عبادات کی ادائیگی کے سلسلے میں طے ہونے والے 20 نکاتی لائحہ عمل کو سراہا گیا۔ ملاقات میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے دوران شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں اور ان کے محرکات کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔