پاکستان آکر مرنا چاہتی ہوں واپسی کا انتظام کیا جائے، میرا کی وزیراعظم سے ہاتھ جوڑ کر اپیل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیویارک میں پھنسی اداکارہ میرا نے ہاتھ جوڑ کر وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ بیرون ملک اس طرح کے حالات میں نہیں بلکہ پاکستان آکر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہیں۔ میرا کا کہنا ہے کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں۔ نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے۔ میرے پاس رقم ختم ہوچکی ہے۔ گزارہ مشکل ہوگیا ہے۔ ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ساتھ شوٹنگ کیلئے امریکہ آئی تھی۔ تمام ساتھی فنکار واپس جاچکے ہیں۔ میں تنہا امریکہ میں پھنس گئی ہوں۔ میرا نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ میری وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔ گزشتہ دنوں میرا نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں وہ وائٹ ہاؤس کے سامنے جاگنگ کررہی تھیں اور لوگوں کو کرونا وائرس سے محتاط رہنے کی ہدایت کررہی تھیں۔