ذمہ داری بڑھ گئی، فرائض کو عبادت سمجھنا ہوگا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ نے دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال کے طوفانی دورے کئے۔ تینوں شہروں کے ہسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات اور آئسولیشن وارڈز میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ گندم خریداری مراکز اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے مراکز پر انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال میں اجلاس ہوئے جن میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کرونا سے نمٹنے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔منتخب نمائندے انتظامیہ اور پولیس متحرک انداز میں اپنے فرائض جاری رکھے ہوئے ہیں۔موجودہ حالات میں ذمہ داری بڑھ گئی ہے، فرائض کو عبادت سمجھ کر سرانجام دینا ہوگا۔ دکھی انسانیت میں ہمہ وقت مصروف ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ حفاظتی اقدامات عوام کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے ہیں اور عوام اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کی پابندی کریں۔آزمائش عارضی ہے، انشاء اللہ سرخرو ہوں گے۔ آزمائش کی گھڑی میں عوام کو کسی صورت حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ خریداری گندم مہم میں گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر ناپ تول میں کمی سمیت کسی قسم کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہئے۔ جہاں سے بھی کوئی شکایت آئی، سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اوکاڑہ دیپالپور روڈ کی تعمیر و بحالی کا کام جلد شروع کرنے کا اعلان کیا اور سڑک کی تعمیر و بحالی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ عثمان بزدار نے چشتیاں میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سنٹر کا معائنہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت لاکھوں مستحق افراد میں اربوں روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کی تقسیم کا ایسا شفاف پروگرام کبھی نہیں آیا۔ لاک ڈائون کے باعث عام آدمی کی مشکلات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرائ، منتخب نمائندوں ، انتظامیہ اور پولیس نے موجودہ غیر معمولی حالات میں بہترین کام کیا ہے۔ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کرونا کے مریضوں کیلئے بنائے جانے والے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبے دیکھے۔عثمان بزدارنے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا انشاء اللہ اس ہسپتال میں کارڈیک سینٹر بنایا جائے گا اور ساہیوال میں چلڈرن ہسپتال بھی بنائیں گے۔ عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب میں تعمیراتی سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020 کا اجراء کیا جا رہا ہے اور اس کی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی اور آخری ترجیح اس وقت کرونا کا پھیلائو روکنا ہے کیونکہ اس وباء کے باعث صورتحال بدل چکی ہے۔ بجٹ آنے والا ہے، ہم ترقیاتی منصوبوں کی طرف بھی توجہ دیں گے۔گندم خریداری مرکز پر وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں سے پوچھا کہ آپ سے کسی نے پیسے تو نہیں مانگے اور کیا باردانہ آسانی سے مل رہا ہے۔ جس پر کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ گزشتہ برس کی نسبت رواں برس ہمارے لئے بہت آسانیاں ہیں۔ اس بار لائن میں نہیں لگنا پڑ رہا اور باردانہ بھی آسانی سے مل رہا ہے۔ باردانہ کیلئے کسی اہلکار نے پیسے مانگے ہیں نہ فرد ۔ ہم عزت کے ساتھ اپنی گندم فروخت کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کرونا وباء پر قابو پانے کے حوالے سے فرائض میں غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اوکاڑہ عبدالمجید کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا وباء کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوتاہی یا غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔