• news

شمالی وزیرستان ، حملے میں شہید حوالدار کا تعلق باغ آزاد کشمیر سے تھا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امن دشمنوں کا ایک اور وار ناکام، سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا حوالدار جام شہادت نوش کرگیا جبکہ 3اہلکار زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر انشاہ کے مغرب میں 10 کلو میٹر پر واقع چیک پوسٹ پر حملہ کیا جو ناکام بنا دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار اکبر حسین دھرتی ماں پر قربان جب کہ 3 جوان زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 43 سالہ حوالدار اکبر حسین شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ ضلع باغ سے تھا، شہید حوالدار نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے جوان کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں حوالدار اکبر حسین کی شہادت پر اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں شہداء نے لازوال قربانیاں دی ہیں، امن وامان کے قیام کی تاریخ میں افسروں اور جوانوں کی شہادتیں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔

ای پیپر-دی نیشن