• news

کرونا: پاکستان میں مزید 15اموات، 2003صحتیاب، 65فیصد کیس مقامی

لاہور، اسلام آباد، پشاور(خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت نیوز) پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی کل تعداد9038 ہوچکی ہے جبکہ اس وبا سے مزید 15 اموات، مجموعی تعداد 185ہو گئی۔ 47کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2003 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، شاد باغ لاہور کے علاقہ تاج پورہ میں 9 افراد میں کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد بازار سیل کر دیا گیا، سندھ 5، خیبر پی کے 9، جبکہ اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کرونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 4111 ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 42 ہو گئی ہیں۔ سندھ میں اب تک کرونا وائرس کے2 ہزار767مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 61 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔خیبر پختون خوا میں کرونا کے مریضوں کی تعداد1ہزار235 ہو چکی ہے جبکہ اموات تمام صوبوں سے زیادہ 69 ہو گئیں۔کرونا وائرس کے بلوچستان میں465مریض رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 5افراد انتقال کر چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں281کرونا کے مریض،3 افراد جاں بحق ہوئے ۔ اسلام آباد میں181متاثرہ مریض جبکہ3 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں کرونا کے اب تک50 مریض رپورٹ ہوئے ہیں یہاں اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں غیر ملکی سفارتکاروں کو کرونا صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ سفارتکاروں کی جانب سے حکومت کی کرونا کے لیے کاوشوں کو سراہا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند ہونے کی وجہ سے لوگ متاثر ہورہے ہیں۔ مسجدیں بند نہیں ہونگیں لیکن خاص طریقے کے تحت ہی لوگ نماز کے لیے آئیں گے۔ علما کے ساتھ ملاقات میں 20 نکاتی معاملات طے پائے ہیں۔بیرون ملک ڈاکٹر اگر کرونا کے خلاف جنگ میں حصہ ڈالنا چاہیں تو وہ یاران وطن میں رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں۔ پاکستان میں اب تک 1 لاکھ 4 ہزار 302 لوگوں کے کرونا ٹیسٹ کر چکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں 4178 ٹیسٹ ہوئے جو نسبتا کم ہیں:۔425 نئے مریض سامنے آئے ۔ پاکستان اب کیس زیادہ مقامی طور ہر پھیلنے کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ اس وقت 65 فیصد کیسز مقامی طور پر سامنے آئے ہیں۔176 اموات میں سے 74 فیصد مرد ہیں82 فیصد50سال سے زیادہ ہیں۔ علاوہ ازیں پولی کلینک ہسپتال کلینک ہسپتال کی ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف ، سمیت متعدد نرسز2 سیکورٹی گارڈز، چیف لیبارٹری ٹیکنیشن میں کرونا وائرس کی تشخیص، پولی کلینک انتظامیہ نے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پولی کلینک کے42 ملازمین کے کرونا وائرس میں مشتبہ ہونے پر سیمپل حاصل کئے، کچھ ملازمین کے رزلٹ مثبت آئیں ہیں جن میں کرونا وائرس پایا گیا ان ملازمین میں زیادہ تر عملہ ایم سی ایچ شعبہ میں کام کرتا ہے جب کہ ایک آوٹ سائیڈ سے آنے والا شخص بھی پولی کلینک ہسپتال میں آکر اس وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔ ایم سی ایچ سنٹر کے عملہ کو حفا ظتی کٹس دئیے بغیر کھول دیا گیا ۔ سینٹری ورکر ز، وارڈ ز بوائیز اور پرچی دینے والے کلرکوں کو جو مسلسل کرونا آئسولیشن وارڈ میں کام کر رہے ہیں ان کا تاحال کرونا حفاظتی کیٹس فراہم نہیں کی گئیں۔ وسطی کرم کے دو افراد کرونا وائرس سے انتقال کر گئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع کرم میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی۔ 60 سالہ خاتون اور 50 سالہ مرد پشاور کے ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ لاہور ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس کے باعث شادباغ کے علاقے تاج پورہ بازار کو سیل کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تاج پورہ بازار میں 9 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ کرونا متاثرین میں چار مرد‘ تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
پاکستان کرونا

بیجنگ‘نیویارک/لندن/پیرس (شہنوا+ عارف چودھری+ اے پی پی) دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہے، اٹلی میں اموات کی تعداد 23,660 ہوگئی، سپین میں20,453 افراد لقمہ اجل بن گئے، برطانیہ میں 16,509ہلاکتیں اور فرانس میں 19,744 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پیر کو برطانوی نشریاتی ادارے نے جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری تازہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ کرونا وائرس کے سات لاکھ 64 ہزار سے زائد مصدقہ متاثرین کے ساتھ امریکہ بدستور سرِفہرست ہے جبکہ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 40,666 ہے۔ اب تک دنیا بھر میں چھ لاکھ 16 ہزار سے زائد مصدقہ مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ سپین میں مصدقہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار سے زائد ہے جبکہ 20,453 افراد اب تک وبا کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔ اٹلی کو کرونا کے مریضوں کی تعداد لگ بھگ ایک لاکھ 79 ہزار ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 23,660 ہے۔ فرانس میں مصدقہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19,744 ہے۔ برطانیہ میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ یہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16,095 ہے۔ جرمنی میں مصدقہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ اموات کی تعداد 4,642 ہے۔ چین میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 83 ہزار سے زائد ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4,636 ہے۔ ترکی میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 86 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2,017 ہے۔ ایران میں کرونا کے متاثرین کی تعداد 82 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ ایران میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5,118 ہے۔ اس وقت کووڈ 19 سے امریکہ اور یورپ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ یورپ میں ایک لاکھ سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جبکہ امریکہ میں مصدقہ متاثرین کی تعداد سات لاکھ 42 ہزار سے زیادہ ہے۔ امریکہ، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا نے چین میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کی روک تھام کے لیے ابتدائی طور پر کیے جانے والے اقدامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے اپنے خدشات ظاہر کیے ہیں۔کرونا وائرس کے سرحد پار پھیلا کے خلاف بھر پور تحفظ کے لئے بڑے شہریوں اور اہم بندرگاہوں پر وبا سے بچائو اور کنٹرول کے اقدامات میں اضافہ کرے گا۔ زمینی سرحدوں کے ذریعے وائرس کی منتقلی کا خطرہ اب بھی بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے درآمدی کیسز کے نتیجے میں مقامی انفکشن کی وجہ سے کلسٹرڈ انفکشن سامنے آیا ہے۔روس، بیلجیم اور اسپین میں نوول کرونا وائرس کے کیسز میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد دنیا بھر کے مریضوں کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 4 ہزار 268 کیسز اور 44 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 47 ہزار 121 ہو چکی ہے جب کہ اموات کی کل تعداد 405 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو سے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں اب تک 25 ہزار 350 افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں 1088 نئے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے اور مزید پانچ افراد اس مہلک وَبا کی نذر ہوگئے۔ اس طرح اب کل متوفیوں کی تعداد 97 ہوگئی ہے۔ یورپ کے کئی ممالک میں نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر گزشتہ تقریبا ایک ماہ سے عائد کردہ پابندیوں میں آج پیر سے نرمی کی جا رہی ہے۔ جرمنی میں آٹھ سو اسکوئر میٹر سے کم رقبے پر قائم دکانیں آج سے کھل گئی ہیں۔ چیک ری پبلک میں کھلے آسمان تلے مارکیٹیں بھی آج سے کھل رہی ہیں۔ ناروے میں بچوں کے کنڈرگارٹن پیر سے کھل گئے ہیں جبکہ یونیورسٹیاں، ہائی اسکول اور چھوٹی دکانیں آئندہ ہفتے سے کھل رہے ہیں۔ اسی طرح کئی اور یورپی ریاستوں میں بھی مرحلہ وار انداز سے پابندیوں میں نرمی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ البتہ لاک ڈاؤن اور سماجی رابطوں پر پابندی اب بھی برقرار ہے۔ بھارتی ریاستوں میں آج سے محدود سطح پر کاروباری سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں تاہم نئے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کی خاطر ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن تین مئی تک جاری رہے گا۔ بھارت میں مزید 1,553 افراد میں کووڈ انیس کی تشخیص ہوئی۔ یوں اب بھارت میں نئے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد سترہ ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتیں ساڑھے پانچ سو کے قریب ہیں۔ ترک صدر طیب اردگان نے ملک میں کرفیو میں توسیع کر دی۔ برطانیہ کے اسپتالوں میں کوویڈ 19 کے ساتھ مزید 449 افراد ہلاک ہوگئے۔ این ایچ ایس انگلینڈ نے انگلینڈ کے اسپتالوں میں مزید 449 اموات کا اعلان کیا، جس سے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 16509ہوگئی ہے۔
کرونا

ای پیپر-دی نیشن