• news

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست مندا:ڈیڑھ کھرب ڈوب گئے،ڈالر2 روپے سستا

کراچی +لاہور(نوائے وقت رپورٹ+کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میںگزشتہ روز مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس1ہزار 76 پوائنٹس کم ہوکر 32 ہزار 422 پر بند ہوا۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات دیکھنے میں آگئے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 32 ہزار 422 کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1203 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا جب کہ شیئرز بازار میں آج 33 کروڑ شیئرز کے سودے 15 ارب روپے میں طے ہوئے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 156 ارب روپے کم ہوکر 6103 ارب روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے سستا ہوکر 161 روپے 50 پیسے پر آگیا جب کہ انٹر بینک میں ڈالر2 روپے 36 پیسے سستا ہوکر 161روپے 12 پیسے پر بند ہوا۔ نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ کی فارن انسٹی ٹیوشنل سیلز کے سربراہ محمد فیضان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں تاریخی کمی کے باعث سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی منفی رجحان رہا۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی کام تیل کی قیتموں میں زبردست کمی کے بعد بین الاقوامی سطح پر غیر یقینی کی صورتحال چھائی ہوئی ہے جس کے بعد ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے سٹاک مارکیٹ میں پیسے لگانے سے ہاتھ روکا ہوا ہے۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 3.2فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 26کروڑ 62 لاکھ 20ہزار 142 شیئرز کا لین دین ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن