• news

پنجاب میں کرونا کے 90 فیصد مریض معمولی نوعیت کے ہیں: یاسمین راشد

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے کے مریضوں میں 90 فیصد معمولی نوعیت کے ہیں۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے بتایا کہ نشستر ہسپتال کے 53 ڈاکٹروں میں سے 27 ڈاکٹروں کے ٹیسٹ مثبت اور 26 کے منفی آئے ہیں جبکہ 3800 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ٹیسٹ کرنے ہیں۔ اس ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4227 ہے جن میں سے 19 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ صوبے کے مریضوں میں سے 90 فیصد معمولی نوعیت کے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں کرونا کے 183 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 140 چھوٹے بڑے علاقوں میں مکمل لاک ڈاﺅن ہوا ہے۔ جی ٹی روڈ کرونا وائرس سے متعلق ہمارا ہاٹ سپاٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرخارجہ کو کسی نے غلط بریف کیا۔ میں خود تمام تفصیلات بتاﺅں گی۔ ان کے تحفظات دور کرنے ملتان آئی ہوں۔ شاہ صاحب نے لیب میں بہتری نہ لانے کی بات کی‘ لیکن ملتان میں 3608 ٹیسٹ کئے گئے اور نشتر ہسپتال سے وینٹی لیٹر لیکر کہیں اور منتقل نہیں کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن