• news

1180پاکستانیوں کی واپسی‘ 250 برطانوی روانہ‘ امریکی طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نیٹ نیوز) متحدہ عرب امارات میں پھنسے 1180 پاکستانی شہری وطن پہنچ گئے جنہیں7 سے14 روز کے لیے قرنطینہ سینٹر بھیج دیا گیا۔ دبئی سے ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز 250 مسافروں کو پشاور لے آئی۔ شارجہ سے غیر ملکی ایئرلائین 250 سے زائد مسافروں کو لیکر ملتان پہنچی۔ قومی ایئرلائین کی تین پروازوں کے ذریعے 733 پاکستانی لاہور اور کراچی پہنچ گئے۔ وطن واپس آنے والے تمام مسافروں کی ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی گئی اور پھر قرنطینہ مراکز بھیج دیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خصوصی پرواز 250 برطانوی شہریوں کو لیکر اسلام آباد سے انگلینڈ روانہ ہو گئی۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانوی شہریوں کی واپسی کے لئے مدد پر حکومت پاکستان کا مشکور ہوں۔ پاکستان میں پھنسے برطانوی شہریوں کی واپسی کیلئے دس خصوصی پروازوں کا اعلان کیا تھا خصوصی پروازیں 27 اپریل تک چلائی جائیں گی۔ دریں اثناءسول ایوی ایشن نے امریکہ کے 6 چارٹرڈ طیاروں کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دیدی۔ امریکی سفارتی عملے اور شہریوں کو واپس لی جانے کیلئے طیارے 21 سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پی آئی اے نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بے روزگار پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ برطانیہ اور کینیڈا کے لئے بھی خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ افریقہ اور امریکہ کیلئے بھی خصوصی فلائٹس کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ چھ ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے خصوصی پروازوں کے ذریعے اگلے ہفتے تک لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق 35 ہزار کے لگ بھگ پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو انتہائی م¶ثر انداز میں واپس لایا جا رہا ہے۔ ایوی ایشن ڈویژن میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سیکرٹری ایوی ایشن کو ہدایت کی کہ وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں ایوی ایشن اتھارٹی کو دو الگ حصوں میں تقسیم کرکے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن