عالمی برادری بھارتی مظالم کانوٹس لے،کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھائینگے: صدر علوی
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بھارت میں مسلمانوں سے متعصبانہ سلوک اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کورونا وباءکے تناظر میں اس صورتحال کا نوٹس لے، کشمیریوںکو تنہانہیں چھوڑیں گے، ان کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھائیں گے، کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد ضروری ہے، متحد ہو کر اس وباءپر قابو پا لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ے منگل کو دورہ مظفر آباد کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کی دعوت پر یہاں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لئے بہترین اقدامات کئے جس کے باعث یہاں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بہت کم ہے اور کسی بھی شخص کا انتقال نہیں ہوا۔ آزاد کشمیر کے عوام نے بھی حکومت کے اقدامات کے بھرپور عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے لاک ڈاﺅن کے دوران اشیائے ضروریہ سے متعلق شعبوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے۔ تعمیراتی سیکٹرز کو کھولا گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مختلف ممالک میں لاک ڈاﺅن کے حوالے سے رد عمل مختلف ہے۔ اسی طرح ہمارے ملک کے صوبوں نے بھی صورتحال کے تناظر میں لاک ڈاﺅن سے متعلق فیصلے کئے۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ رہنے کے لئے ہاتھ دھوئیں، چہرے کو ہاتھوں سے نہ چھوئیں اور ماسک پہنیں۔کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے احتیاطی تدایبر پرعملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے توبہ، استغفار اور بخشش کا مہینہ ہے، ہمیں کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ توبہ استغفار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مساجد میں عبادات کے لئے علماءکرام سے 20 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ان 20 نکات پر عملدرآمد یقینی بنایاہے تاکہ دیگر شعبوں کی طرح مساجد میں بھی سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں نظم و نسق پر زور دیا گیا ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے فرمودات میں ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر زور دیا ہے۔ ہم ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کررہا ہے جس کی مذمت کرتا ہوں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے تناظر میں مسلمانوں سے تعصب برتا جا رہا ہے اور بھارتی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے۔ 1948ءسے لے کر اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوئے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پوری دنیا میں ظلم و تشدد روکنے کی اپیل کی ہے۔ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباءکا مل کر مقابلہ جاری رکھنا ہے۔قبل ازیں صدرمملکت کو کورونا وائرس کی وبا سے متعلق موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر نے صدر مملکت کا استقبال کیا، صدرمملکت نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے حفاظتی سامان آزاد کشمیر حکومت کے حوالے کیا، صدرمملکت کووزیراعظم ہاو¿س مظفرآباد میں آزادخطہ میںکورونا وائرس کی وبا کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق اقدامات کے حوالے سے صدر مملکت کو آگاہ کیا، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔