• news

ڈکیتی کے ملزم کی ضمانت منظور،پولیس کا یہی حال رہا تو سسٹم چلنے والا نہیں: ہائیکورٹ برہم

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ ناقص تفتیش پر پولیس پر سخت اظہار برہمی کیا۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے ملزم کومل شہزاد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر منصور عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ پولیس ناقص تفتیش کرتی ہے جس سے ملزم چھوٹ جاتے ہیں۔ تفتیشی نے شناخت پریڈ نہ کرا کر اور ناقص تفتیش کرکے کیس کا بیڑا غرق کر دیا۔ ملزم پولیس کی غفلت سے چھوٹ جاتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ عدالتیں ملزموں کو چھوڑ دیتی ہیں۔ ایس پی انویسٹی گیشن نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیس میری تعیناتی سے پہلے کا ہے، تفتیش سی آئی اے پولیس کر رہی تھی جو کوتاہی ہوئی ہے اس پر متعلقہ تفتیشی کیخلاف کارروائی کرینگے۔ عدالت نے قرار دیا کہ پولیس نے اپنی کوتاہی چھپانے کیلئے نیا طریقہ سیکھ لیا ہے جس کیس میں بھی دیکھیں پولیس افسر کہتا ہے کہ کیس میری تعیناتی سے پہلے کا ہے۔ پولیس کا یہی حال رہا تو پھر یہ سسٹم نہیں چلنے والا جس پر ایس پی نے کہا کہ غفلت کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کیخلاف کارروائی کرینگے۔ عدالت نے کہا کیا کارروائی کرینگے ایک دن معطل کرکے دوسرے دن بحال کر دینگے.

ای پیپر-دی نیشن