شہباز شریف کرونا نہیں قومی حکومت کا خواب لیکر واپس آئے: شیخ رشید
راولپنڈی(صباح نیوز‘نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کرونا کی وجہ سے نہیں قومی حکومت کا خواب لے کر آئے تھے، ملکی صورتحال کے مطابق ایک حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم سے کہا ہے سب سے صلح کریں، یہ سیاست کا نہیں ایک ہونے کا وقت ہے، شہبازشریف ان کے خلاف بہت سنجیدہ کیس ہے، دم والی بات مذاق میں کہی نیب نے سیریس لے لی، نیب والوں کو بتانا چاہتا ہوں میرے پاس2 موکل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پاس6 وینٹی لیٹر موجود ہیں، انگریز نے 100 سال پہلے ایمرجنسی کوچز بنائیں، جلد ریلوے ہسپتال ملک کے دیگر حصوں میں پہنچا دیں گے، سب لوگوں کو عمران خان کے فنڈ میں دل کھول کرعطیہ دینا چاہیے، سندھ حکومت سے کہتا ہوں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو رہا کیا جائے، ملک میں کرونا بڑھ رہا ہے، سیاست نہیں، ہمیں عوام کو بچانا ہے۔ کسی بھی جگہ ضرورت ہوئی تو موبائل ہسپتال کھڑا کر دیں گے‘ ضرورت پڑی تو تمام پرائیویٹ ہسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینیں کب چلانی اس کا فیصلہ آج کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ٹرین سروس بند ہونے سے ہر ماہ 5ارب روپے کا خسارہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال 6 سے 8 ارب روپے خسارہ کم کیا تھا۔ اب ریلوے دوبارہ خسارے کی دلدل میں پھنس رہا ہے۔ ہر ہفتے ایک ارب روپے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے درکار ہیں۔ جو امیر ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے۔ حکومت سے سبسڈی لیکر ملازمین کو تنخواہیں دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال کا 32ارب روپے کا خسارہ کم کریں گے۔ 30بوگیوں پر مشتمل ٹرین تفتان پہنچ گئی ہے