• news

رمضان: فوج عوام کی آسانی کیلئے بھرپور اقدامات کرتی رہیگی: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اس وقت خطرات کے تہہ در تہہ اور مسلسل جائزے لینے، صحت کے بحران، معیشت کے تنزل اور اس تمام صورتحال کے مرتب ہونے والے نفسیاتی و سماجی اثرات کا بندوبست کرنے کی ضرورت ہے۔ مشکل کی اس گھڑی کے دوران اور بطور خاص ماہ رمضان کے موقع پر، پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کیلئے آسودگی اور آسانی کے بھرپور اقدامات کرتی رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کرونا وبا کے انسداد کے قومی ادارے ’’نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر‘‘ کے دورہ کے موقع خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف کی آمد پر آرمی ائر ڈیفنس کے سربراہ اور اس مرکز کے چیف کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ڈی جی برائے آپریشنز اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور عملدرآمد، بیماری کے مزید پھیلاؤ کے امکانات، وبا کے اثرات پر قابو کیلئے سول انتظامیہ کیساتھ تعاون، کی تفصیلات پر مبنی بریفنگ دی۔ انہوں نے ملک میں بیماری کے پھیلاؤ کو جانچنے، بیماری کے مراکز کے تعین کیلئے ٹیسٹ، ٹریس اور قرنطینہ کیلئے قومی حکمت عملی کے بارے میں بتایا، جس کے نتیجہ میں مخصوص علاقوں کے لاک ڈاؤن اور تمام سطحوں پر وباء کے انسداد کیلئے وسائل مجتمع کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام قومی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی سہولت کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ کرونا وبا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ’’کووڈ۔19‘‘ کے انسداد کی حکمت عملی وضع کرنے اور اس پر عمل درآمد کیلئے محدود وسائل اور کم وقت کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ادارے کے سول اور ملٹری عملہ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسائل کو عمدگی سے بروئے کار لاتے ہوئے خطرات کے تہہ در تہہ اور مسلسل جائزے لینے، صحت کے بحران، معیشت کے تنزل اور اس تمام صورتحال کے مرتب ہونے والے نفسیاتی و سماجی اثرات کا بندوبست کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن