پنجاب ذخیرہ اندوزی پر 3 سال قید: آرڈیننس جاری، سحری میں تندور، دودھ دہی کی دکانیں کھلی رہینگی
لاہور(نیو ز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں کرونا کے تشخیصی ٹیسٹ میں اضافے کیلئے مزید 4 لیب کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور سرگودھا میں نئی لیب بنائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں رحیم یار خان اور گجرات میں نئی لیب بنیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ صحت کوسیالکوٹ اور سرگودھا میں نئی لیب کے قیام کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 2 لیب کی اپ گریڈیشن جبکہ 3 نئی لیب تیار ہو چکی ہیں۔ لاہور میں ٹی بی کنٹرول پروگرام اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی 2 لیب کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ہسپتال ملتان اور تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال وزیر آباد میں نئی لیب قائم ہو چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت 4500 تک پہنچ چکی ہے۔ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں مزید 3 نئی لیب اگلے چند روز میں فنکشنل ہو جائیں گی۔ پنجاب میں اب تک 64ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 2247 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں اس وقت کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4431 ہے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شٹر ڈاؤن کر کے کاروبار کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ خلاف ورزی پر انسدادکرونا آرڈیننس کے تحت دکان سیل اور چالان ہو گا۔ رمضان المبارک کے دوران سحری کے وقت دودھ، دہی کی دکانیں اور تندور کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹ سحری و افطاری کے دوران بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران نماز پنجگانہ اور نماز تراویح کی ادائیگی کے لئے 20 نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی انڈسٹریز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ پنجاب میں اب تک 216 علاقوں کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کرونا وباء کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اجلاس کے شرکاء کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ رمضان المبارک کے دوران انڈسٹریل یونٹس کو مرحلہ وار کھولنے کے حوالے سے امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میںمتاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں‘ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی لباس اور ضروری ساز و سامان کی فراہمی کے امور پر بھی غور کیاگیا۔ اجلاس میں جزوی لاک ڈاؤن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال ودیگر نے وزیراعلیٰ آفس سے ویڈیولنک کے ذریعے ا جلاس میں شرکت کی۔دی پنجاب پری وینشن آف ہورڈنگ آرڈیننس، ذخیرہ اندوزوں کو تین سال قید کی سزا دی جا سکے گی۔آرڈیننس کے تحت ذخیرہ اندوزوں کو تین سال قیدتک کی سزا دی جا سکے گی۔ ضبط کی جانیو الی اشیاء کی 50 فیصد رقم قومی خزانے میں جمع ہو گی۔ آرڈیننس کے تحت متعلقہ افسر معلومات کی بنا پر کسی ڈیلر کے گودام بغیر وارنٹ چیک کر سکتا ہے۔ ڈیلر اپنی پیداور، ایکسپورٹ، امپورٹ، سٹاک، سیلز اور ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے ریکارڈ متعلقہ افسر کے پاس جمع کرانے کا پابند ہو گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لئے آرڈیننس جاری کیا ہے ۔ ادویات، آٹا، چینی، دالیں، چائے، خوردنی تیل، مچھلی، انڈے، دودھ، گوشت، فیس ماسک، سینی ٹائزر، سرجیکل ماسک، کھاد بنانے کا کیمیکل، زرعی ادویات، آلو، پیاز سمیت 41 اشیاء ضروریہ ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ذخیرہ اندوزوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو قومی خزانے میں جمع ہونے والی رقم کا 10 فیصد دیا جائے گا۔ آرڈیننس کے تحت ذخیرہ اندوزی کا جرم ناقابل ضمانت ہو گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام کے دشمن ہیں۔ صوبے میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن ہو گا۔ اشیاء ضروریہ ذخیرہ کر کے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سرکاری فرائض میں غفلت اورناقص کارکردگی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے محکمہ آبپاشی ہیڈ بلوکی کے ایکسین کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں ہر گز تاخیر برداشت نہیں کروںگا۔ افسران ڈلیور کریں جونتائج نہیںدے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا۔ دیانتدار اورفرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھیںگے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور کے علاقے میں اغوا کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ عثمان بزدار نے منڈی بہاؤالدین کے تھانہ گوجرہ کی حدود میں اغوا کے بعد لڑکی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے معروف پہلوان، اولمپئن حاجی محمد افضل شیر پاکستان کے نیویارک میںکرونا کے باعث انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔