• news

لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس: حافظ نعمان سمیت 3ملزم بری

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم پی اے حافظ میاں نعمان سمیت 3 ملزمان کو بری کردیا ہے۔ دیگر دو ملزموں میں عثمان قیوم اور تاثیر احمد شامل ہیں۔ جج امجد نذیر چودھری نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ قبل ازیں عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ عدالت کے روبرو ملزموںکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ2018ء سے تحقیقات چل رہی ہیں، دو سالوں میں نیب نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل نہیں کیں۔ نیب اس کیس میں کوئی ایک ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔ ملزموں کی طرف سے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کیا گیا۔ ملزمان کے وکیل نے کہا کہ آج بھی نیب کے پاس ایک بھی ثبوت موجود نہیں، مزید انکوائری کی ضرورت نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی تینوںکی ضمانت منظور کررکھی ہے۔ لہذا استدعا ہے کہ ملزموںکو بری کیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ یہ وائٹ کالر کرائم کیس ہے۔ تمام ملزموں نے ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر پارکنگ کمپنی کو نوازا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزموںکے اس غیر قانونی اقدام سے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حافظ نعمان کی بریت پر اظہار تشکر کرتے کہا یہ ثبوت ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ اللہ تعالی کا احسان ہے کہ بے گناہوں کو سرخرو اور سچائی دنیا کے سامنے لارہا ہے۔ حافظ نعمان جیسے شیروں کی موجودگی پارٹی اور معاشرے کے لئے باعث فخر ہے۔ الحمدللہ حافظ نعمان کے خلاف کرپشن اور بدعنوانی کا ہر الزام جھوٹ ثابت ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن