• news

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.39 ارب مل گئے، ڈالر مزید 1.62 روپے سستا

اسلام آباد+لاہور (نمائندہ خصوصی+کامرس رپورٹر) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر 1.39 ارب ڈالر مل گئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ اسے آئی ایم ایف سے 1.39 ارب ڈالر مل گئے ہیں اور آئی ایم ایف سے یہ رقم ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے تحت ملی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا تھا کہ یہ پیکج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرے گا۔ پیکج سے بجٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا اور پاکستان کو زرمبادلہ ذخائرمیں کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یہ فنڈ کرونا کے اثرات سمیٹنے کے لیے استعمال کر سکے گا۔ پاکستان کو فنڈ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کی مد میں جاری ہوں گے۔ پاکستان توازن ادائیگی کے لیے ہنگامی ضروریات پوری کر سکے گا۔ دریں اثناء انٹر بینک میں ڈالر مزید سستا ہونے لگا۔ روپے کی قیمت مستحکم ہونے لگی۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 62 پیسے کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈالر کی قیمت161 روپے 12 پیسے سے کم ہو کر 159 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 7 کاروباری روز سے ڈالر کی قیمت میں 7 روپے سے زائد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ روز بھی انٹر بینک ڈالر 2 روپے سستا ہوگیا تھا جس کے باعث ڈالر کی قیمت 163 روپے 49 پیسے کم ہو کر 161 روپے 50 پیسے پر آگئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن