پاکستان کی تجویز پر سارک رکن ممالک کی وڈیو کانفرنس آج منعقد ہو گی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان کی تجویز پر سارک رکن ممالک کی وڈیو کانفرنس آج منعقد ہو رہی ہے جس میں کرونا وائرس(کوویڈ19) اور اس کے تدارک کے لئے امور پر غورکیا جائے گا۔ صحت سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سارک کے سیکریٹری جنرل ایسالہ رووان ویراکون اور رکن ممالک کے وزراکے علاوہ سینئر حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ورچوئل اجلاس سارک وزرا صحت کے اجلاس کی میزبانی کے قبل ازیں پاکستان کے اقدام کے نتیجے میں ہورہا ہے کیونکہ کرونا عالمی وبانے ہنگامی نوعیت اختیار کر لی ہے۔ قومی سطح پر اس وباکو روکنے اور اس پر قابو پانے کے لئے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیا ل کے ساتھ ساتھ اس بحران سے نبردآزما ہونے کے لئے موثر تعاون کے طریقوں کو بڑھانے پر غور ہوگا جس میں اس مرض کی نگرانی کو موثر بنانا، بہترین طریقوں سے آگاہی، ممالک کی استعدادکار میں اضافہ، تحقیقی کاوشوں میں اشتراک عمل اوراس ضمن میں علاقائی وعالمی روابط کا فروغ شامل ہے۔ زیادہ آبادی اور صحت کے کمزور نظام کا حامل جنوبی ایشیاانسانی آبادی کے پانچویں حصے کا مسکن ہے اور اس وباکے شدید خطرے سے دوچار ہے۔ سارک پلیٹ فارم سمیت دستیاب ادارہ جاتی طریقہ ہائے کار کو بروئے کار لاکر علاقائی ممالک میں قریبی اشتراک عمل اس وباکے مقابلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ وڈیو کانفرنس صحت عامہ کے بحران پر موثر طورپر قابو پانے کے لئے علاقائی سطح پر وسیع ترتعاون اور اشتراک عمل پیدا کرنے کی پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ کورونا کے سماجی ومعاشی اثرات کو کم سے کم کیاجاسکے۔