اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرپرسن مسابقتی کمشن، دو ارکان کی برطرفی کا حکم دیدیا
اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل اور 2 ارکان کی برطرفی کا حکم سنادیا۔ جمعرات کو ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے وفاق کی انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل اور دو ارکان ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹر شہزاد انصر کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم سنادیا۔ عدالت نے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن اور دو ممبران کی بحالی کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے کہا ایک ماہ میں ان عہدوں پر شفاف انداز میں تعیناتی کی جائے۔وفاقی کابینہ نے چار اکتوبر2018 کو مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل اور 2 ارکان کی برطرفی کا فیصلہ کیا تھا جس کی روشنی میں فنانس ڈویژن نے 15 اکتوبر 2018 کو ان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ کمیشن پر مخصوص شخصیات کو نوازنے اور کرپشن کے الزامات تھے۔تینوں ارکان نے اپنی برطرفی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے حکومت کا برطرفی کا حکم کالعدم قرار دے کر چیئرپرسن مسابقتی کمیشن اور ممبران کو بحال کردیا تھا۔ وفاق نے عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جسے منظور کرلیا گیا۔