وزیراعظم سے ملاقات، کرونا، رمضان کیلئے اقدامات پر گفتگو، شہریوں کو مزید احتیاط کی ضرورت: عثمان بزدار
لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی ) وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلی عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال، روک تھام کے حوالے سے اقدامات، صنعتی عمل کی روانی، خصوصا حکومت کی جانب سے کھولی جانے والی صنعتوں میں حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات، ذخیرہ اندوزی کے تدارک اور ماہ رمضان کے حوالے سے کئے مختلف اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سماجی دوری تحفظ کی ضامن ہے۔ کرونا کی وجہ سے آنے والی تبدیلیوں پر پوری نظر ہے۔ پھیلائو روکنے کے لئے گھروں میں رہنا بہت ضروری ہے، آنے والے وقت میں شہریوں کو مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔ سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے کرونا سے تحفظ یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کی طرف سے یونیورسٹی اساتذہ اور عملے کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا کنٹرول میں 30لاکھ روپے کا چیک وصول کرنے کے موقع پر عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کا جذبہ ایثار قابل تحسین ہے۔ محروم طبقات کی مدد قابل تعریف امر ہے۔ اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سینیٹر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی صورتحال اورکرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سینیٹر سرفراز بگٹی کو کرونا کے سدباب کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے۔ کرونا کے ساتھ ساتھ خراب معاشی حالات سے بھی لڑنا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو کرونا سے بچانا ہماری حکمت عملی کا محور ہے۔ نیک نیتی سے دن رات محنت کر رہے ہیں۔