سعودی عرب کی طرف سے کرونامتاثرین کیلئے امدادی سامان کی تقسیم شروع
جدہ (امیر محمد خان سے ) پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فلاحی ادارے کی طرف سے 16 کروڑ 61 لاکھ روپے مالیت کے امدادی سامان کی تقسیم کا آغازگزشتہ روز سے شروع ہوگیا ہے۔یہ امدادی سامان حکومت پنجاب کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔ جمعہ کو شاہ سلمان کے فلاحی ادارے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرکے پاکستان میں قائم دفتر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے راشن بیگز کی صورت میں امدادی سامان جمعرات کو اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے سپرد کیا تھا۔فلاحی ادارے کے نمائندے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے تعاون سے خود متعلقہ اضلاع میں گھر گھر جا کرراشن تقسیم کریں تفصیلات کے مطابق راشن میں 10 کلو آٹا، پانچ کلو چینی، پانچ کلو چاول،پانچ لیٹر ککنگ آئل، دو کلو خشک دودھ، آدھ اکلو چائے کی پتی، دو کلو کھجوریں شامل ہیں۔پانچ ٹیمیں راشن کی تقسیم کے امور کی نگرانی کریں گی۔ اس راشن پیکج سے پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔