انسداد وبا کیلئے دنیا کو حفاظتی سامان و ادویہ سازی کے لئے خام مال فراہم کرینگے: چین
بیجنگ (اے پی پی) چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ترجمان حوانگ لی بین نے کہا کہ چین ایسے ممالک کی امداد کرے گا جہاں کورونا وباء تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین عالمی مارکیٹ کو دوا سازی کے لیے خام مال اور حفاظتی سازوسامان کی فراہمی کو مزید فروغ دے گا اور عالمی سطح پر انسداد وباء کے لیے مزید خدمات سرانجام دے گا۔ حوانگ لی نے کہا کہ چین میں شدید وبائی صورتحال کے دوران ملک میں طبی حفاظتی لباس تیار کرنے کی یومیہ صلاحیت سات لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس میں وبائی صورتحال کے آغاز کی نسبت پچاس گنا اضافہ ہوا ہے۔نہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ماسکس ، ادویات ، وینٹی لیٹرز ، ایمبولینسز، تھرمامیٹرزسمیت دیگر سازوسامان کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے چین میں انسداد وباء میں نمایاں مدد ملی ہے۔