ایثار کامظاہرہ کرنا ہو گا‘ صدر وزیراعظم رمضان کی مبارکباد
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے رمضان کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایوان صدر سے جاری ہونے والے پیغام میں صدر علوی نے کہا ہے کہ اللہ کا بڑا فضل ہے کہ اس نے ایک مرتبہ پھر ہمیں رمضان کریم کی برکات سے نوازا ہے تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو۔ رمضان ہمارے اندر جہاں خوف خدا پیدا کرتا ہے وہاں یہ ہمیں لوگوں کی مشکلات اور محرومیوں کے احساس سے بھی بہرہ مند کرتا ہے۔ دنیا کے تمام ممالک اس وقت کرونا وائرس کی وبا کی لپیٹ میں ہیں۔ طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہو نگی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اہم پیغام میں کہا کہ رمضان کی آمد پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عالم انسانیت کرونا کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ بڑی طاقتیں کرونا کے سامنے بے بس ہیں۔ قوم نے موجودہ حالات کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔ رمضان میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ اﷲ تعالیٰ ہمارے ملک و قوم کی مدد فرمائے۔ آمین