• news

گھروں میں عبادت کریں، سب سے بڑی نیکی غریبوں کی مدد:شہباز شریف، رمضان کی مبارکباد

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مقدس میں غریب، نادار اور سفید پوش افراد و گھرانوں کی کفالت سب سے بڑی عبادت ہے۔ اس میں اللہ تعالی کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹتے ہوئے احتیاطی طبی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ گھروں میں رہ کر اللہ تعالی کے حضور زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ خصوصی دعائیں کی جائیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس وبا اور درپیش مسائل و مشکلات سے نجات عطا فرمائے۔ اللہ تعالی سے دعا کریں کہ بیماروں بالخصوص کرونا وبا سے متاثرہ مریضوں کو صحت کاملہ عطا کرے۔ انہوں نے قائد محمد نواز شریف کی صحت کاملہ کے لیے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے اورکہا کہ رمضان المبارک کے دوران قائد محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پارٹی کی ملک بھر میں امدادی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھرکے مصیبت زدہ مسلمانوں کی آزادی اور مشکلات سے نجات کی خصوصی دعائیں کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن