علماء کونسل، دارالافتاء و دیگر قائدین کی اپیل پر ملک بھر میں یوم توبہ و رحمت منایا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان علماء کونسل، دارالافتاء پاکستان و دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں اور قائدین کی اپیل پر ملک بھر میں یوم توبہ و رحمت منایا گیا۔ آئمہ ، خطبائ، علماء و مشائخ اور عوام الناس نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرتے ہوئے نماز جمعہ ادا کیا۔ علماء ، و خطباء اور آئمہ نے جمعہ کے اجتماعات سے مختصر خطبات میں کہا کہ ملک بھر کی مساجد میں 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ اور احتیاطی تدابیرپرعملدر آمد کرکے علماء اور عوام الناس نے ثابت کردیا ہے کہ ہم ایک مثالی اور منظم قوم ہیں، کرونا وباء سے خود بھی محفوظ رہیں گے اور دوسروں کو بھی اس سے بچائیں گے۔جس جذبے اور احتیاط کا مظاہرہ نماز جمعہ میں کیا گیا پورا رمضان اسے برقرار رکھا جائے گا تاکہ مساجدکر دروازے اس بابرکت مہینے میں بند نہ ہوں۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسد زکریا قاسمی ،پیر نقیب الرحمان ،مولانا عبدالکریم ندیم ، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد حنیف بھٹی، علامہ غلام اکبر ساقی ، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، قاضی مطیع اللہ سعیدی , مولانا اسید الرحمٰن سعید،پیر اسد حبیب شاہجمالی، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا زبیر عابد،مولانا ابو بکر صابری ، مولانا نعمان حاشر ، علامہ طاہر الحسن ،قاری عصمت اللہ معاویہ ،مولانا محمد اشفاق پتافی،مولانا محمد شفیع قاسمی،مولانا عثمان بیگ فاروقی مولانا شکیل قاسمی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا احسان احمد حسینی و دیگر نے مختلف شہروں میں نماز جمع کے اجتماعات سے مختصر خطابات کئے۔