• news

کرونا، دنیا بھر میں ہلاکتیں ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد

بیجنگ، لندن، نیو یارک (شہنوا+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 28 لاکھ ایک ہزار سے تجاوز گئی جبکہ ایک لاکھ 95ہزار 119 افراد کرونا کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ کرونا وائرس سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد سات لاکھ 75 ہزار 504 ہے۔ امریکہ میں 718 نئی ہلاکتوں کے بعد تعداد 50 ہزار 954 ہو گئی۔ 16 ہزار 856 مزید کیسز کے بعد مجموعی تعداد نو لاکھ 3298 ہو گئی۔ اٹلی میں کرونا سے مزید 420 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 25 ہزار 969 ہو گئی 3021 مزید کرونا کیسز کے بعد تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 999 ہو گئی۔ سپین میں کرونا کے مزید 367 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزر 524 ہو گئی۔ 6740 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے کرونا کیسز کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار 769 ہو گئی۔ برطانیہ میں مزید 768 ہلاکتوں کے بعد تعداد 19 ہزار 506 ہو گئی مزید 5386 نئے کیسز کے بعد تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 464 ہے۔ چین میں بھی کرونا وائرس سے کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا اور اس طرح ملک میں گذشتہ ایک ہفتے سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ملک کے تمام گھرانوں کو مالی امداد دے گی۔ جاپان نے کرونا وائرس کے نتیجے میں اپنی معیشت کو انتہائی کساد بازاری اور دباؤ میں جانے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ ادھر جنوبی افریقہ نے لاک ڈاؤن پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت میں مہلک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی کرونا متاثرین کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ جمعہ کو وزارت صحت کے جاری اعدادوشمار کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے بتایا کہ ملک میں وبا سے مزید 37 افراد کے ہلاک ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 718 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کوونا وائرس کا قہر ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ انڈونیشیا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کرونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اس آج ہفتے سے عارضی طور پر ملک اور بین الاقوامی ہوائی اور سمندری سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن