عرب اتحاد کا یمن میں ایک ماہ کیلئے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان
ریاض(صباح نیوز)سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے یمن میں ایک ماہ کے لئے مکمل جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کر دیا ۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعلان عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کیا اور کہا کہ ابتدا میں 2 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی گئی تھی، 8 اپریل سے جنگ بندی کا آغاز اقوام متحدہ کی درخواست پر کیا گیا تھا اور اب اس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ عرب اتحاد کے پیش نظر یہ امر زیادہ ضروری ہے کہ جنگ بندی کے دوران متحارب فریق کورونا وائرس سے نمٹنے کی اہمیت اور ضرورت کو محسوس کریں۔ترکی المالکی نے یہ بھی کہا کہ عرب اتحاد نے ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ رمضان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور یمنی بھائیوں کو اس مصیبت سے نجات دلانے کے لیے خصوصی اقدام کے جذبے سے کیا ہے۔دوسری جانب حوثی باغیوں نے مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کردیا،ترجمان حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ حوثی مکمل جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرانے چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ مارچ کے آخر میں اتحادی افواج نے یمن میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی نے ترجمان اتحادی افواج ترکی المالکی کے حوالے سے کہا تھاکہ جنگ بندی کا مطالبہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کیا تھا۔ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری کوشش کا ہر ممکن ساتھ دیں گے۔