• news

سیالکوٹ گندم کا سمگلر پکڑا گیا‘ لاک ڈاؤن توڑنے پر بیسیوں گرفتار

لاہور/ گکھڑمنڈی/ سیالکوٹ/ کامونکے(نامہ نگاران/ نمائندگان) لاہور سمیت دیگر شہروں میں جزوی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف پولیس کارروائی کا سلسلہ گزشتہ روز ہفتہ کو بھی جاری رہا بند کی گئی موٹرسائیکلوں گاڑیوں کی تعداد لاہور میں 6974 ہو گئی۔ گکھڑ منڈی 18 ، سیالکوٹ 16، سمبڑیال خطیبہ سمیت تین، ڈسکہ 20 ، گجرات میں دو ڈبل سواروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سیالکوٹ میں سمگلر کو گرفتار کرکے 126 بوری گندم قبضہ میں لے لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے اب تک ایک لاکھ 96 ہزار 373 شہریوں کی چیکنگ کی، ایک لاکھ 81 ہزار 792 شہریوں کو واپس بھیجا گیا۔ مجموعی طور پر 2083 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں ۔ ایک لاکھ 70 ہزار 433 گاڑی و موٹرسائیکل مالکان کو روکا گیا۔ 6974 گاڑیوں موٹرسائیکلز کو خلاف ورزی پر بند کیا گیا۔ گکھڑمنڈی تھانہ کینٹ پولیس نے ڈبل سواری کے جرم میں اٹھارہ افراد کو گرفتار کرکے نو موٹرسائیکلیں قبضہ میں لیکر تھانہ میںبند کر دیں۔ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سیالکوٹ میں فوڈ گرین انسپکٹر نے گندم سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی سمگلر کو گرفتار کرکے 126 تھیلے گندم قبضہ میں لے لی۔ محمد بشیر 126 تھیلے گندم گاڑی پر لوڈ کرکے دمتھل منڈی لے کر جا رہا تھا۔ پولیس نے محمد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری طرف پولیس نے ڈبل سواری اور تیز رفتاری پر سولہ موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کر لیا، ان کی موٹرسائیکلیں قبضہ میں لیکر مقدمات درج کئے ہیں۔ سمبڑیال میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان محمد عباس اکبر علی کو جبکہ تھانہ ائر پورٹ پولیس نے موضع کوٹھے رحمت میں مسجد گلزار مدینہ میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر قاری محمد اجمل کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا ہے۔ ڈسکہ میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ کامونکے میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کرنے والے دو افراد کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا گجرات میں ڈیل سواری کی خاف ورزی کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن