جواد رفیق ملک نے چیف سیکرٹری پنجاب کا چارج سنبھال لیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ جواد رفیق ملک کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 15ویں کامن سے ہے۔ بطور چیف سیکرٹری پنجاب تعیناتی سے قبل وہ وفاقی سیکرٹری کمیونیکیشن ڈویژن خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ وہ پنجاب میں سینئر ممبر بورڈ آف ریو نیو، سیکرٹری صحت، سیکرٹری بلدیات،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اہم عہدوں پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ دریں اثناء عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں اہم محکمانہ امور بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے حکومتی احکامات پر انکی روح کے مطابق عمل کرنا ہوگا اور کرونا وائرس، ڈینگی اور دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے سب کو ملکر ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا جائے۔