شہباز شریف کیخلاف بیانات سے حکمرانوں کی کرپشن، نااہلی نہیں چھپ سکتی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شیخ رشید صاحب کے بیانات چینی سکینڈل رپورٹ میں تاخیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، شیخ رشید صاحب کرونا سے مرتے عوام پر توجہ دیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی طرح شہبازشریف کے غم سے باہر نکلیں، شیخ رشید کی سیاست کا جنازہ اس دن نکل گیا تھا جس دن انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کے ساتھ غداری کی تھی، شیخ رشید صاحب20 برس سے اپنی سیاست کامردہ ہر نئی جماعت کے کاندھے پر اٹھائے پھررہے ہیں ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ شیخ رشید صاحب20 برس سے اپنی سیاست کامردہ ہر نئی جماعت کے کاندھے پر اٹھائے پھررہے ہیں ۔ شہبازشریف پر سنگ دشنام پھینکنے والے سازشی کہلائے اور ہمیشہ ناکام ونامراد ہوئے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف بیانات سے حکومت کی کرپش، نالائقی اور بے حسی چھپ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت کے خلاف جھوٹے بیانات پر کارکنان مشتعل ہوئے تو اس کے ذمہ دار شیخ رشید صاحب ہوں گے۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید شیطانی حرکتوں اور خصلتوں سے باز نہیں آ سکتے ہیں، شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہبازشریف پارٹی قائدنواز شریف کے نامزد کردہ صدر ہیں پنڈی کے موصوف آج جہاں موجود ہیں وہ بھی ان دونوں کی مرہون منت ہے کسی بڑے نے کیا خوب کہا ہے کہ اندھا کیا جانے بسنت بہار‘ اس لئے بہتر ہے کہ شیخ رشید اپنے کام سے کام رکھیں جو ان سے ہو نہیں پا رہا ہے۔ رانا ثناء اللہ یہ بھی کہا کہ نالائقوں اور نااہلوں کی حکومت کا کنٹرکٹر اپنی کھٹارا حکومت کی فکر کرے، شہباز شریف قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے نامزد صدر ہیں۔ شہباز شریف کو کسی شیدا ٹلی سے سرٹیفکیٹ درکار نہیں پوری جماعت شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے